نئی دلی:بھارتی ریاست اترپردیش میں اجتماعی زیادتی کے اور واقعے میں گینگ ریپ کے بعد لڑکی کو آگ لگادی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع اوٹاوہ میں پیش آیا جہاں چھ افراد نے گھر میں گھس کر ایک 20 سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لڑکی واقعہ کے وقت گھر میں اکیلی تھی، ملزمان نے گینگ ریپ کے بعد تیل چھڑک کر لڑکی کو آگ لگادی جس کے نتیجے میں وہ مکمل طور پر جھلس گئی۔
واقعہ کے بعد متاثرہ لڑکی کو یوپی رورل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرایا گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے،لڑکی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں گزشتہ چند ماہ کے دوران اجتماعی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، حکومت ایسے واقعات کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔