BBC Ends Sairbeen Broadcast on Aaj TV Alleging Interference
Posted By: Wasit Ali, January 17, 2021 | 07:00:22BBC Ends Sairbeen Broadcast on Aaj TV Alleging Interference
بی بی سی اردو کا پروگرام ’سیربین‘ ٹی وی چینل ’آج نیوز‘ پر نشر نہیں ہو گا
بی بی سی اردو سروس کا ٹیلی ویژن کے لیے حالات حاضرہ کا پروگرام ’سیربین‘ جو پاکستان کے ٹیلی ویژن چینل آج نیوز سے نشر ہوتا تھا، اب اُس کی نشریات 'آج نیوز` پر بند کر دی گئی ہے۔
تاہم 'سیربین' بی بی سی اردو ڈاٹ کام، بی بی سی اردو فیس بک پیچ اور بی بی سی اردو کے یوٹیوب چینل پر سوموار سے جمعہ تک پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے نشر ہوا کرے گا۔
بی بی سی کی عالمی سروس نے بی بی سی اردو کے ٹی وی پروگرام ’سیربین‘ کی پاکستانی ٹی وی چینل 'آج' پر نشریات کا سلسلہ ختم کر دیا ہے۔
اس تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے بی بی سی ورلڈ سروس کے ڈائریکٹر جیمی اینگس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'ہمارے پروگراموں میں کسی قسم کی مداخلت ہمارے اور ہمارے ناظرین کے درمیان اعتماد کی خلاف ورزی ہے، جس کی ہم اجازت نہیں دے سکتے۔'
ہم سنہ 2020 اکتوبر سے اپنے نیوز بلیٹنز میں مداخلت دیکھ رہے تھے اور ہم نے 'آج' ٹی وی کو پروگرام کو دوبارہ آن ایئر کرنے کے لیے مناسب وقت دیا تھا۔'
لیکن مداخلت جاری رہنے کی وجہ سے دونوں جانب سے نیک نیتی سے کی جانے والی کوششوں کے باوجود بی بی سی سیربین کی نشریات کو شروع نہیں کیا جا سکا ہے لہذا اب بی بی سی کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں رہ گیا تھا کہ وہ آج ٹی وی سے اپنی شراکت کو فوری طور پر ختم کر دے۔'
جیمی اینگس نے کہا کہ 'بی بی سی کو پاکستان میں اپنی نشریات کے ختم ہونے کا افسوس ہے لیکن بی بی سی کے ناظرین اب بھی بی بی سی اردو کا ٹی وی پروگرام ’سیربین‘ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، بی بی سی اردو فیس بک پیچ اور بی بی سی اردو کے یوٹیوب چینل پرسوموار سے جمعہ تک پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے پروگرام دیکھ سکتے ہیں۔‘
بی بی سی اردو نے پاکستان کے نجی چینل 'آج' ٹی وی کے ساتھ سنہ 2014 میں ایک شراکت داری کے معاہدے کی بنیاد پر اپنے پروگرام 'سیربین' کی نشریات شروع کی تھیں۔
اس معاہدے میں، جو کہ بی بی سی دیگر ممالک کے ساتھ معاہدوں کی پالیسی کے عین مطابق تھا، بی بی سی مقامی زبان اور مقامی آڈینس کے لحاظ سے اپنا پروگرام آزادانہ ادارتی پالیسی کے تحت تشکیل دیتا ہے اور مقامی ٹی وی چینل اُس پروگرام کو نشر کرتا ہے۔
اس قسم کے شراکتی معاہدے بی بی سی نے دیگر ممالک کے نجی چینلوں کے ساتھ بھی کیے ہوئے ہیں، لیکن ہر معاہدے میں ادارتی اختیار بی بی سی کے پاس ہی موجود رہتا ہے۔
Source: BBC Urdu