Top Rated Posts ....

Taliban Gets Control of Two More Districts in Afghanistan

Posted By: Wazir Khan, June 12, 2021 | 16:46:39


Taliban Gets Control of Two More Districts in Afghanistan




افغان طالبان مزید ضلعوں پر قابض

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں زوردار دھماکا سنا گیا ہے۔ دوسری جانب طالبان عسکریت پسندوں نے مزید دو اضلاع پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

شورش زدہ ملک افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کی مزید علاقوں پر بتدریج کنٹرول حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک ضلعے کے انتظامی گورنر نے قبضہ مکمل ہونے پر خود کو طالبان کے سامنے پیش کر دیا۔ ان قبضوں کی تصدیق صوبائی پارلیمنٹیرین نے بھی کر دی ہے۔

صوبہ غور کا ایک ضلع، طالبان کے ہاتھوں میں

مغربی افغان صوبے غور کے ایک ضلع تُولک پر طالبان کے قبضے کی تصدیق ہفتہ بارہ جون کو مقامی عمائدین اور شہریوں نے کی ہے۔ ان میں غور اسمبلی کے تین مقامی اراکین بھی شامل ہیں۔ جمعے اور ہفتے کی رات کے دوران حکومتی سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیاں شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔

افغانستان کی قومی فوج کو غیر ملکی افواج کے بتدریج انخلا سے مشکل حالات کا سامنا ہے

ان جھڑپوں میں حکومت کی حامی فورسز کے ایک درجن سے زائد اہلکاروں کی ہلاکت بھی ہوئی۔ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق غور اسمبلی کے رکن کرم الدین رضا زادہ نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔ رضا زادہ نے ہی ہفتہ بارہ جون کو تُولک کے ضلعی گورنر اور ان کے تمام عملے نے بھی طالبان کے سامنے ہتھیار پھینک دینے کی اطلاع دی۔

شمالی صوبے بلخ کے ضلع زارا کا سقوط

شمالی افغان صوبے بلخ کے ایک ضلع زارا کے بارے بھی بتایا گیا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں نے اس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ اس ضلع کے مرکزی علاقے میں واقع حکومتی دفاتر میں سے ملازمین کو جبری طور پر باہر نکال دیا گیا۔ اس شہر کے ایک کونسلر افضل حدید نے یہ بھی بتایا کہ طالبان نے حکومتی سکیورٹی فورسز کو پانی کی سپلائی روک دی ہے۔

افضل حدید کے مطابق حکومت کے حامی فوجی دستوں نے بغیر لڑائی کے زارا شہر کا مرکز خالی کر دیا ہے۔ فوجیوں کو شہر سے نکلنے میں افغان ایئر فورس کے جنگی طیاروں نے بھی مدد کی۔ دوسری جانب افغان فوج کی 209 کور نے بتایا ہے کہ فوجیوں کو شہر سے نکال کر ایک اور اہم جگہ تعینات کیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی ضلعی کونسل کی ہدایت پر کی گئی ہے۔

طالبان کا قبضہ کرنے میں تیزی

حالیہ چند ہفتوں کے دوران افغانستان کے کئی علاقے طالبان عسکریت پسندوں کے کنٹرول میں چلے گئے ہیں۔ علاقوں پر قبضے میں شدت امریکی اور مغربی دفاعی اتحاد کی افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد سے پیدا ہوئی ہے۔ رواں برس یکم مئی کے بعد اب تک سترہ اضلاع پر طالبان قبضہ کر چکے ہیں۔ غیر ملکی فوجوں کا انخلا اسی سال مکمل ہو جائے گا۔ افغانستان کے چونتیس صوبوں میں چار سو کے قریب اضلاع ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس جن پانچ اضلاع پر طالبان نے قبضہ کیا تھا، ان میں سے چار کو ملکی فوج نے آزاد کروا لیا تھا۔

تشدد کے سلسلے میں تسلسل

افغانستان کو ان دنوں شدید عدم استحکام کا سامنا ہے اور اس باعث سلامتی کی مجموعی صورت حال کمزور سے کمزور تر ہوتی جا رہی ہے۔ جمعہ گیارہ جون سے اب تک تیرہ سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، جن میں سات سویلین ہیں۔

افغان وازرتِ داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ ہزارہ آبادی کے علاقوں میں دو منی وینوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان حملوں میں نصف درجن افراد زخمی ہوئے۔ کابل میں ایک زوردار دھماکے کی بھی اطلاع ہے لیکن اس بابت کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔



Source




Follow Us on Social Media

Join Whatsapp Channel Follow Us on Twitter Follow Us on Instagram Follow Us on Facebook


Advertisement





Popular Posts

Comments...