Top Rated Posts ....

Texas synagogue attack: hostages freed after the attacker killed

Posted By: Saif, January 16, 2022 | 07:22:00


Texas synagogue attack: hostages freed after the attacker killed




ٹیکساس: عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ اور یہودی عبادت گاہ میں لوگوں کو یرغمال بنانے والا شخص ہلاک

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر کولیویل میں سنیچر کی رات ایک یہودی عبادت گاہ میں یرغمال بنائے گئے تمام افراد کو رہا کرا لیا گیا ہے جبکہ ان لوگوں کو یرغمال بنانے والا شخص ہلاک ہو چکا ہے۔

کولیویل پولیس اور ایف بی آئی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ عبادت گاہ میں چار افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا جنھیں بحفاظت رہا کرا لیا گیا ہے جبکہ ملزم مارا گیا ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق حملہ آور کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی جائے گی تاکہ تحقیقات متاثر نہ ہوں۔ پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ ملزم نے کسی یرغمالی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا تاہم اس کا صرف ایک ہی مطالبہ تھا۔

ایف بی آئی نے اس شخص کے مطالبات کے حوالے سے بات کرنے سے انکار کیا تاہم یہ کہا کہ لائیو سٹریم میں سنے گئے جملوں کے علاوہ وہ اس بارے میں اس وقت کچھ نہیں بتا سکتے۔

واضح رہے کہ کانگریگیشن بیتھ اسرائیل نامی عبادت گاہ میں جب یہ واقعہ پیش آیا تو یہاں ہونے والی عبادت کو لائیو سٹریم کیا جا رہا تھا۔ اس لائیو سٹریم فیڈ میں ایک شخص کو اونچی آواز میں یہ کہتے سنا جا سکتا تھا کہ وہ کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا۔

سکیورٹی اہلکاروں کے مطابق اس شخص کو امریکہ میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے بھی سنا گیا تاہم اب اس فیڈ کو ہٹا دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ایک امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوج اور حکومت کے اہلکاروں پر مبینہ طور پر قاتلانہ حملے اور قتل کی کوشش کرنے کے سات الزامات میں مجرم قرار دیا تھا اور انھیں 86 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اس سے قبل ٹیکساس کے گورنر کریک ایبٹ نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ تمام یرغمالیوں کو رہا کرا لیا گیا ہے۔

انھوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’دعاؤں کا جواب آ گیا۔ تمام یرغمال افراد کو زندہ اور محفوظ باہر نکال لیا گیا۔‘

دوسری جانب کولیویل پولیس نے بھی اپنی ٹویٹ میں یرغمالیوں کی حفاظت کا اعلان کرتے ہوئے لکھا: ’کولیویل میں صورتحال حل ہو چکی اور تمام یرغمالی محفوظ ہیں۔ ہم تمام تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایف بی آئی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔‘

عبادت گاہ میں کتنے افراد موجود تھے؟
ابتدائی طور پر کولیویل کی پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ’مقامی وقت کے مطابق پانچ بجے کے بعد اس شخص کی جانب سے ایک یرغمالی کو رہا کیا گیا جو صحیح سلامت ہے۔

ایک قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار نے اسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اس شخص نے دعویٰ کیا کہ وہ مسلح ہے تاہم وہ تاحال اس کی تصدیق نہیں کر سکے۔

خیال رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے دو اہلکاروں نے آغاز میں اسوسی ایٹڈ پریس کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ اس وقت عبادت گاہ میں راہب سمیت کم سے کم چار افراد موجود تھے۔

سکیورٹی اہلکاروں نے امریکی میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ اس شخص کو امریکہ میں قید پاکستانی خاتون کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے بھی سنا گیا جو اس وقت امریکہ میں 86 برس کی قید کاٹ رہی ہیں۔

وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری جین پساکی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ صدر جو بائیڈن کو ’ڈیلاس کے علاقے میں ہونے والے اس واقعے کی بدلتی صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔‘

عبادت گاہ کے گرد موجود مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔

اسرائیل کے وزیرِاعظم نفتالی بینیٹ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میں نے کولیویل، ٹیکساس کے کانگریگیشن بیتھ اسرائیل میں یرغمال بنانے کے واقعے کی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ ہم یرغمال بنائے گئے افراد اور ان کو ریسکیو کرنے والوں کے تحفظ کے لیے دعاگو ہیں۔‘

کولیویل کے محکمہ پولیس نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے گیارہ بجے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ کانگریگیشن بیتھ اسرائیل نامی عبادت گاہ پر ایک ’سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (سواٹ) آپریشن‘ کر رہی ہے۔

ٹویٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’ہم آپ سے درخواست کریں گے کہ آپ اس علاقے میں جانے سے گریز کریں۔ ہم آپ کو سوشل میڈیا کے ذریعے باخبر رکھیں گے۔‘

فیس بک پر صبح ہونے والی عبادت کی لائیو سٹریم کے دوران ایک شخص کو اونچی آواز میں بولتے سنا جا سکتا ہے۔ وہ اس دوران کہہ رہے ہیں ’میری بہن سے فون پر میری بات کروائیں‘ اور ’میں مر جاؤں گا‘۔

انھیں یہ بھی کہتے سنا گیا کہ ’امریکہ کے ساتھ کچھ غلط ہے۔‘

بیری کلومپس جو سنہ 1999 میں اس عبادت گاہ کے قیام کے بعد سے اس کے اراکین میں سے ہیں، نے کہا کہ انھیں اس واقعے کے بارے میں ایک اور رکن کی جانب سے بتایا گیا اور انھوں نے فوراً لائیو سٹریم لگا لی۔

کلومپس نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’یہ سب کچھ دیکھنا اور سننا خاصا تکلیف دہ تھا لیکن اس بارے کچھ بھی معلوم نہ ہونا اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ ہے۔‘



Source: BBC Urdu




Follow Us on Social Media

Join Whatsapp Channel Follow Us on Twitter Follow Us on Instagram Follow Us on Facebook


Advertisement





Popular Posts

Comments...