Top Rated Posts ....

Good News for Pakistan: $8.57 billion pledged for Pakistan at Geneva conference

Posted By: Muzaffar, January 09, 2023 | 15:33:50


Good News for Pakistan: $8.57 billion pledged for Pakistan at Geneva conference



پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے جنیوا کانفرنس، عالمی اداروں کا بڑا اعلان، مجموعی طور پر 8.57 ارب ڈالر کا اعلان

پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جنیوا میں کانفرنس کے دوران اسلامی ترقیاتی بینک سمیت عالمی اداروں نے بڑا اعلان کردیا۔

مختلف ممالک اورمالیاتی اداروں نے پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے امداد کا اعلان کردیا۔

اسلامی ترقیاتی بینک 3 سال میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ برادر ملک سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کیلئے ایک ارب ڈالرکا اعلان کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کا اعلان بحالی کے کام میں تعاون کیلئے کیا ہے۔

عالمی بینک نے پاکستان کو دو ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا، فرانس پاکستان کو 10ملین ڈالر دے گا۔

چین نے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے مزید 10کروڑ ڈالر گرانٹ کا اعلان کیا۔

جاپان پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئے مزید 77 ملین ڈالر امداد دے گا۔

جرمنی نے پاکستان کو 84 ملین یورو دینے کا اعلان کیا ہے۔

یورپی یونین نے سبزہ زار ترقی اور روزگار کیلئے87 ملین یورو دینے کا اعلان کیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے 3 برسوں میں 1 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے سیلاب متاثرین بحالی کیلئے مزید 10 کروڑ ڈالرز دینے کا اعلان کیا۔

جنیوا کانفرنس میں 40 ممالک کے حکام، پرائیویٹ ڈونرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے شرکت کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے جنیوا کانفرنس میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کے اعلان پر صدر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اعلان خوش آئند اور حوصلہ کن ہے، یقین دلاتے ہیں کہ وہ اور ان کی حکومت اُن کی امیدوں پر پورا اترنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یو این سیکریٹری جنرل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے ملنے والی امداد کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے گا، تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی پر عالمی برادری کے شکر گزار ہیں، سیلاب کے باعث پاکستان کو 30 ارب ڈالر سےزائد کا مالی نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے ساتھ ملکی معیشت کی بحالی بڑا چیلنج ہے، جو جی ڈی پی کا 8 فیصد ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گو تیرس کا پاکستان کی تعمیر نو کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا مطالبہ کردیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان موسمیاتی تباہی،عالمی مالیاتی نظام کے دیوالیہ پن کا ایک ساتھ شکار ہوا، انفرا اسٹرکچر کی بحالی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

انتونیو گو تیرس نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں سے نجات،مالی امداد تک رسائی کیلئے مزید طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 3 سال کی مدت میں 16 بلین ڈالرز سے زائد کی امداد درکار ہوگی، ترقی یافتہ ممالک کو مزید مالی مدد کرنی چاہیے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جنیوا کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں خطاب میں کہا کہ پاکستان کا بیشتر علاقہ تاحال سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔

وزیر خارجہ نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا ۔

قبل ازیں سیکریٹری جنرل یواین نے کانفرنس میں شرکت کرنےوالےمہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سےبڑا حصہ متاثر ہوا ہے، سیلاب سے80لاکھ کےقریب لوگ بے گھر ہوئے، مشکل حالات میں بھی پاکستانیوں کا جذبہ دیکھ کر حیران ہوا۔

انہوں نے کہا کہ انفرا اسٹرکچرکی بحالی کےلیے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو 3سال کی مدت میں16.3 بلین ڈالر کی امداد درکار ہوگی، کانفرنس کے ذریعے کیش، ٹرانسفر اور دیگر طریقہ کار سے مدد کی جاسکتی ہے۔


Source




Follow Us on Social Media

Join Whatsapp Channel Follow Us on Twitter Follow Us on Instagram Follow Us on Facebook


Advertisement





Popular Posts

Comments...