Imran Khan Aur Hameed Kumhar Mein Koi Farq Nahi - ATC Judge's Remarks
Posted By: Saif, April 13, 2023 | 05:36:59Imran Khan Aur Hameed Kumhar Mein Koi Farq Nahi - ATC Judge's Remarks
انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کے جج نے عمران خان کیس میں اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے عمران خان اور حمید کمہار میں کوئی فرق نہیں، اگر عمران خان کو ریلیف ملے گا تو حمید کمہار کو بھی وہی ریلیف ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد، قتل اور اقدامِ قتل کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ریمارکس میں کہا ہے کہ عمران خان نے ایسا کون سا کام کیا ہے جو ان کی جان کو خطرہ ہے؟
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 3 مقدمات میں سے 1 میں عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔
اے ٹی سی کے جج اعجاز احمد بٹر نے عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت عدالت نے عمران خان کی عدم پیشی پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے سوال کیا کہ عمران خان کہاں ہیں؟ ابھی تک شریک ملزم عمران خان پیش نہیں ہوئے، اگر لیڈر شپ لیٹ آئے گی تو عام لوگوں کا کیا حال ہو گا؟
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر روسٹرم پر آ گئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان ابھی کچھ دیر میں پیش ہو جائیں گے، مجھے 5 منٹ دے دیں، کچھ عرض کرنا چاہتا ہوں، عمران خان سابق وزیرِ اعظم ہیں، ان کی جان کو خطرہ ہے، عمران خان کے کیس کی سماعت بذریعہ کیمرہ کر لی جائے۔
عدالت نے کہا کہ عدالتی عملے سے عمران خان کو کوئی خطرہ نہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے جواب دیا کہ عمران خان کی وجہ سے عدالتی عملے کو خطرہ ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ مجھے آپ کے دلائل سننے کے بعد ضمانت خارج کرنا پڑی تو ملزم کو کیسے گرفتار کریں گے؟
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ گارنٹی دیتے ہیں کہ کوئی ایسا فیصلہ آیا تو عمران خان شاملِ تفتیش ہوں گے، تعاون بھی کریں گے۔
عدالت نے سوال کیا کہ عمران خان نے ایسا کون سا کام کیا ہے جو ان کی جان کو خطرہ ہے؟
عمران خان کے وکیل نے جواب دیا کہ یہ تو وزیر آباد حملہ کرانے والے ہی بتا سکتے ہیں، خدانخواستہ کوئی واقعہ ہو گیا تو ملک میں حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے، بے نظیر بھٹو پر بھی ایسے ہی حملہ ہوا تھا، ایک حکومتی وزیر ٹی وی پر کہتے ہیں کہ ہم رہیں گے یا عمران خان رہے گا۔
فاضل جج نے کہا کہ وہ تو سیاسی بیان ہے، البتہ بے نظیر واقعے کا حوالہ غور طلب ہے۔
سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان جب بھی باہر نکلتے ہیں ان کے خلاف ایک مقدمہ ضرور درج ہوتا ہے، ان کی جان کو جب تک خطرہ نہیں تھا تو وہ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے، ہمارے پاس اسنائپر شوٹرز کی رپورٹس ہیں، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے استدعا کی کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ عمران خان کی عبوری ضمانتیں واپس لے لوں، تفتیشی افسر عدالت میں کہہ دیں کہ گرفتاری مطلوب نہیں۔
عدالت نے ایس ایس پی سے سوال کیا کہ آپ 3 مقدمات کا بتائیں، عمران خان کتنے مقدمات میں مطلوب ہیں؟
سربراہ جے آئی ٹی نے کہا کہ عمران خان 2 مقدمات نمبر 388 اور 410 میں مطلوب ہیں۔
برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ مقدمہ نمبر 412 میں عبوری ضمانت واپس لے لیتے ہیں۔
فاضل جج نے کہا کہ عمران خان اور حمیدا کمہار کے درمیان کوئی فرق نہیں، اگر عمران خان کو ریلیف ملے گا تو حمیدا کمہار کو بھی وہی ریلیف ملے گا۔
عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔
Source