Top Rated Posts ....

Altaf Hussain's tweet addressing Army Chief General Asim Munir

Posted By: Zainab, July 02, 2023 | 06:53:45


Altaf Hussain's tweet addressing Army Chief General Asim Munir


بانی ایم کیو ایم الطاف حسین نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مخاطب کرتے ہوئے ٹویٹ کیا

محترم جناب جنرل عاصم منیر صاحب!
چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان!
السلام علیکم وآداب عرض
عیدالاضحی کی دلی مبارکباد قبول کریں۔ اب میں آپ کی خدمت میں چند اہم گزارشات پیش کرنا چاہتا ہوں۔

1۔ میں عیدکے دن سے لیکر آج مورخہ یکم جولائی2023ء کے دن تک پاکستان کے الیکٹرانک میڈیا پر فوج کے شہداء کے اہل خانہ کے بیانات دیکھ رہا ہوں ، شہداء کے لواحقین کے جذبات واحساسات غورسے دیکھ رہا ہوں۔ میں خود شہداء کے لواحقین میں شامل ہوں اور اپنی تحریک کے ہزاروں کارکنان کی شہادت کاصدمہ سہہ چکا ہوں لہٰذا میں ان شہیدوں کے لواحقین کے دکھ ، درد اورجذبات واحساسات کو اچھی طرح سمجھ سکتا ہوں۔ اسی لئے یہ کہنے کی جسارت کررہا ہوں کہ ملک کی سالمیت اور تحفظ کیلئے شہداء نے جوقربانیاں دی ہیں اس پر ان کے لواحقین کے بیانات میں اپنے پیاروں کی شہادت پر جس طرح فخر کااظہارکیا جارہاہے اور ساتھ ساتھ اپنے پیاروں کے بچھڑ جانے کا جو دکھ وکرب بیان کیاجارہا ہے اس پر مجھ سمیت پوری قوم کوشہداء کی شہادت پر فخرہے اور ان کے اہل خانہ کے اپنے پیاروں سے بچھڑ جانے کے دکھ پر صدمہ بھی ہے۔

2۔ اب میں ان ماں باپ، بچوں ،بچیوں اورسہاگنوں کے دکھ وکرب کی طرف آپ کی توجہ دلانا چاہتا ہوں جن کے پیاروں کوفوج، ISI اور ملک کے دیگر سیکوریٹی اداروں کے اہلکاروں نےان کے گھروالوں کےسامنے گرفتارکرلیاتھااورپھر انہیں لاپتہ کردیاگیا۔ بہت سے لاپتہ کیے جانےوالےافراد کو لاپتہ کئے 15سے 20 سال سے زائدکا عرصہ بیت چکاہے،ان لاپتہ افراد میں وہ بھی شامل ہیں جنہیں 14 سال پہلے لاپتہ کیاگیاہے۔ شروع شروع کے دنوں اور آنے والی ہرعید کے موقع پر لاپتہ افراد کے اہل خانہ اپنے پیارےمعصوم بچوں کویہ کہہ کہہ کرتسلیاں دے دیتے تھے کہ '' تمہارے ابو بیرون ملک گئے ہوئے ہیں اور وہ چھٹی نہ ملنےکےسبب اس عید پر گھرنہیں آسکے''۔
اسی طرح کے دلاسے دیتے دیتے آج ان کےمعصوم بچے باشعور، تعلیم یافتہ اورجوان ہوچکے ہیں ،ان کی مائیں اپنے بچوں کوجوکہ اب جوان ہوچکےہیں کیاجواب دیں؟ مزید کیاتسلیاں دیں ؟

ان لاپتہ افراد کےاہل خانہ کیلئےتو ہرآنےوالی نئی عید ،ان کے دکھی اورزخمی دلوں کواورزیادہ دکھی اوران کےزخموں کومزید تازہ کرنے کاسبب بنتی ہے ۔
3۔ چیف آف آرمی اسٹاف جناب جنرل عاصم منیرصاحب!

کوئی ان لاپتہ افراد کے اہل خانہ بالخصوص معصوم بچوں کے دکھ اور کرب کی حالت کو دیکھے یا نہ دیکھے مگر اللہ تبارک وتعالیٰ تو ضروردیکھ رہا ہے ۔ ملک کے ہرچھوٹے بڑے سیاستدان نے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقاتیں کرکے وعدے وعید کئے حتیٰ کہ قسمیں تک کھائیں کہ ہم اپوزیشن میں رہ کر ان کی بخیریت گھرواپسی کیلئے بھرپورانداز میں آواز احتجاج بلند کرتےرہیں گے لیکن ا ن سیاستدانوں نےاپنے وعدے ذرہ برابربھی پورے نہ کیے ۔ اسی طرح ان سیاستدانوں نے لاپتہ افراد کےاہل خانہ سے قسمیں کھاکھاکر یہ وعدے بھی کیے کہ اگرہم اقتدار میں آگئے تولاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرانا ہماری دیگر ترجیحات میں اولین ترجیح ہوگا مگر اقتدار میں آنے کے بعد ان کےوعدے وعید اورقسمیں ہمیشہ کی طرح اقتدار کی بھول بھلیوں میں گم ہوگئیں اورانہوں نے لاپتہ افراد کی بازیابی کی اولین ترجیح کےاپنے وعدے کوسردخانےمیں ڈال دیا۔

محترم جنرل عاصم منیر صاحب!
میری آپ سےمؤدبانہ درخواست ہےاورآپ کواپنےحافظ قرآن ہونے کاواسطہ بھی ہےکہ ان تمام لاپتہ افراد کو فی الفور بازیاب کرانےکیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں ،اگر ان لاپتہ افراد پر کوئی الزام یا الزامات ہیں تو انہیں فوری طورپر عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کریں اور اگر لاپتہ کیے گئے افراد میں سے جوافراد چل بسے یامارے جاچکے ہیں تو کم ازکم ان کے پریشان حال اہل خانہ کو اس بارے میں آگاہ کرنے کے احکامات جاری کریں یاپھر الیکٹرانک میڈیاپر لاپتہ کیےجانےوالےافراد کے اہل خانہ کو لاکر انہیں بھی اپنی دکھ بھری داستانیں سنانے کاموقع فراہم کریں ۔اس طرح کم ازکم وہ اپنی اپنی دکھ بھری داستانیں سنا کرہی اپنے دکھوں کا بوجھ ہلکااور اپنے اپنے غموں کا کچھ تو مداوا کرسکیں گے ۔

شکریہ
والسلام
احقر
الطاف حسین (لندن) یکم جولائی 2023ء






Follow Us on Social Media

Join Whatsapp Channel Follow Us on Twitter Follow Us on Instagram Follow Us on Facebook


Advertisement





Popular Posts

Comments...