One liter of scorpion venom costs ten million dollars, why scorpion poison is so expensive?
Posted By: Zafar, July 29, 2023 | 08:12:17One liter of scorpion venom costs ten million dollars, why scorpion poison is so expensive?
بچھو کے زہر کا ایک لیٹر ’ایک کروڑ ڈالر‘ میں کیوں بکتا ہے؟
ہم یہ تو جانتے ہیں کہ سانپ کسی انسان کو کاٹے تو یہ جان لیوا ہو سکتا ہے لیکن بچھو بھی خطرناک ہوتے ہیں جو انسان کی جان لے سکتے ہیں۔
لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ بچھو کے ڈنگ میں چھپا ہوا زہر جتنا جان لیوا ہو سکتا ہے اتنا ہی مہنگا بھی ہوتا ہے؟
ترکی کی ایک لیبارٹری میں روزانہ بچھو کے زہر کی دو گرام مقدار جمع کی جاتی ہے۔ اس عمل کے دوران لیبارٹری کا عملہ بچھو کو ایک ڈبے سے نکال کر اس وقت تک انتظار کرتا ہے جب تک بچھو زہر کا ایک قطرہ نہیں نکال دیتا۔
اس قطرے کو منجمد کر لیا جاتا ہے اور پھر محفوظ بنا کر اسے بیچا جاتا ہے۔
میڈن اورانلر بچھو پالتے ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ان کے فارم پر 20 ہزار بچھو ہیں۔
’ہم ان کو باقاعدہ کھانا ڈالتے ہیں، ان کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی پرورش کرتے ہیں۔ ہم ان کا زہر نکال کر منجمد کر لیتے ہیں۔ پھر ہم اس کو یورپ میں بیچ دیتے ہیں۔‘
بچھو کے ڈنگ میں صرف دو ملی گرام زہر ہوتا ہے۔ میڈن کا کہنا ہے کہ بچھو کے زہر کی ایک گرام مقدار تقریبا 300 سے 400 بچھو سے حاصل کی جاتی ہے لیکن اگر وہ اس زہر کو بیچتے ہیں تو اس کی قیمت کیا ہوتی ہے؟
میڈن کے مطابق بچھو کے زہر کا ایک لیٹر تقریبا ایک کروڑ ڈالر کا بکتا ہے۔
طبی استعمال
لاطینی امریکہ میں پائے جانے والے ایک مخصوص بچھو کے زہر سے ’مارگا ٹوکسن‘ نامی مواد حاصل کیا جاتا ہے جو خون کی رگوں میں نئے خلیے بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے اور اسے دل کی سرجری میں استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بچھو پانچ سے آٹھ سینٹی میٹر تک کے ہوتے ہیں اور اگرچہ ان کا زہر جان لیوا نہیں ہوتا لیکن پھر بھی اگر یہ کسی کو کاٹ لیں تو اس شخص کو شدید درد، سوجن اور خارش ہوتی ہے۔
ڈیوڈ بیچ لیڈز یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں جو بچھو کے ڈنگ پر تحقیق کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بچھو کا زہر بہت مفید ہوتا ہے جس کی کافی کم تعداد بھی فائدہ مند ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارگا ٹوکسن کو ایک دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے تاہم دل کی بیماریوں کے لیے اسے ایک سپرے کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
ان کے مطابق برطانوی ہارٹ فاؤنڈیشن، ویلکم ٹرسٹ اور برطانوی میڈیکل ریسرچ کونسل کی مدد سے بچھو کے زہر کے دل کی بیماریوں میں استعمال پر نئی تحقیق کی جا رہی ہے۔
پروفیسر پیٹر ویزبرگ برطانوی ہارٹ فاونڈیشن کے میڈیکل ڈائریکٹر ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’یہ ایک ایسے مواد کی بہت اچھی مثال ہے جو قدرتی طور پر تو انسانوں کے لیے نقصان دہ ہے لیکن اس کی مدد سے انسانوں کا علاج بھی ہو سکتا ہے۔‘
بچھو کے زہر کے طبی استعمال پر کئی برسوں سے تحقیق ہوتی رہی ہے۔
آج کل بچھو کے زہر کی فروخت عام ہو چکی ہے کیونکہ اس کا استعمال صرف طبی شعبے میں ہی نہیں بلکہ کاسمیٹکس میں بھی کیا جاتا ہے۔ درد سے چھٹکارا پانے والی ادویات اور جسم کے مدافعتی نظام سے جڑی ادویات میں بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔
2020 میں نیشنل لائبریری آف میڈیسن کی جانب سے شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ بچھو کے زہر سے اس زہر کے خلاف کام کرنے والی دوائی بھی تیار کی جا سکتی ہے۔
Source