Israel's passenger plane lands in Jeddah, Saudi Arabia
128 اسرائیلی مسافروں سے بھرے جہاز کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ: ’یہ سب بہت ڈرا دینے والا تھا‘
سوموار کے روز مشرقی افریقہ کے مُلک سیشلز سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب جانے والی ایئر لائنز ایئر سیشلز کے سیاحوں سے بھرے ایک مسافر طیارے ایچ ایم 022 کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
سیشلز ایئر لائنز نے اس واقع کے وضاحت کچھ یوں کی کہ ’یہ اسرائیلی مسافروں سے بھری پرواز تھی، جسے تکنیکی وجوہات کی بنا پر سعودی عرب میں لینڈ کرنا پڑا۔‘
کہنے میں تو شاید یہ کوئی اتنی بڑی بات نہیں کہ کسی مسافر طیارے نے کسی مُلک میں ہنگامی لینڈنگ کی مگر خاص طور پر اس واقع کی اہمیت یہ ہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان باقاعدہ سفارتی تعلقات نہیں اور دونوں مُمالک کے درمیان رابطے بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔
اپنے بیان میں ایئر لائنز نے مزید کہا کہ’تمام مسافر اس ایمرجینسی لینڈنگ میں محفوظ رہے تاہم لینڈنگ کے چند منٹوں بعد ہی انھیں متبادل پرواز کے ذرئع (جدہ سے) اسرائیل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب پہنچنے والے ان غیر متوقع 128 اسرائیل مہمانوں نے رات سعودی ائیر پورٹ کے ایک مہمان خانے میں ہی گزاری۔ اس سب کے دوران ایئر سیشلز کی دوسری پرواز جدہ پہنچی اور اسرائیلی مسافروں کے سعودی عرب میں اس مختصر قیام کے بعد یہ تمام مسافر منگل کی صبح تل ابیب کے لیے روانہ ہوئے۔
اسرائیل نے کیا کہا؟
جدہ میں اسرائیلی مسافروں سے بھری اس پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ اس معاملے سے نمٹ رہی ہے۔
اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’وہ اس ہنگامی لینڈنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور مسافروں کی جلد واپسی کے لیے فضائی کمپنی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔‘
ان سرکاری بیانات کے بعد اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو میدان میں اُترے اور اُنھوں نے مسافر طیارے کی سعودی عرب سے ٹیک آف کے بعد سعودی انتظامیہ کی تعریف کر ڈالی۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے پُرکشش انداز میں ٹچ سکرین کے سامنے کھڑے ہو کر ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا جس میں انھوں نے سعودی انتظامیہ کا شُکریہ بھی ادا کیا اور اپنے عقب میں لگی ملٹی میڈیا سکرین پر سعودی عرب کا نقشہ دیکھاتے ہوئے اُس مقام (جدہ) کی نشاندہی بھی کی جہاں ایئر سیشلز کے 128 اسرائیلی مسافروں سے بھرے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی۔
اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئیٹر) پر شئیر کیا گیا۔
طیارے کے مسافروں نے واقعے کے بارے میں کیا کہا؟
یہ معاملہ دُنیا بھر کے میڈیا کی نہ صرف نظروں میں آیا بلکہ اس کے بارے میں تقریباً ہر ہی خبر رساں ادارے نے اپنے مذاج کے مطابق مختلف شہ سُرخیوں کے ساتھ اس خبر کو نشر کیا۔
تاہم اس ہنگامی لینڈنگ کے کچھ مسافروں نے بین الاقوامی نشریاتی ادارے اے پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ نے انھیں بتایا کہ وہ کیبن میں کسی چیز کے جلنے کی بو آنے کے بعد سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنے جا رہے ہیں۔
اس اعلان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں میں تشویش پیدا ہو گئی اور سب ہی گھبرا گئے کہ یہ سب کیسے مُمکن ہو گا۔
حالات کا تقاضہ یہی تھا کہ کسی بھی سنگین صورتحال سے بچنے کے لیے جہاز کو سعودی عرب میں ہی اُتارا جائے، اسرائیلی مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد فوری طور پر سعودی سکیورٹی فورسز 128 مسافروں کو اپنی حفاظت میں لیا اور اُنھیں ہوٹل لے گئے۔
منگل کو جب یہ طیارہ اسرائیل کے بین گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا تو وہاں موجود صحافیوں اور فوٹوگرافرز کی بھیڑ دیکھ کر بہت سے لوگ حیران رہ گئے۔ کئی لوگوں نے مسافروں کو غبارے دے کر خوش آمدید کہا۔
ایک مسافر میما شتل نے کہا کہ ’یہ سب بہت ڈرا دینے والا تھا لیکن ہم سب کا سعودی انتظامیہ نے بہت خیال رکھا اور اچھا استقبال کیا۔
کچھ مسافروں نے اے پی کو بتایا کہ جدہ میں ان کا تجربہ خوشگوار تھا اور کچھ سعودیوں نے انھیں عبرانی میں خوش آمدید بھی کہا۔
ایمانوئل اربیل نامی ایک مسافر نے منگل کی صبح ہوٹل سے اسرائیلی ریڈیو 103 ایف ایم کو بتایا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے ہمیں جو استقبال ملا وہ چونکا دینے والا اور حیران کُن تھا۔ وہ مُسکراتے ہوئے ہم سے کہہ رہے تھے ’خوش آمدید۔‘ سچ پوچھیں تو ہمیں اس رویے کی توقع نہیں تھی۔
اربیل نے کہا کہ جب جدہ فلائٹ اتری تو ’ہمیں شدید ذہنی تناؤ کا سامنا تھا، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اب آگے کیا ہونے والا ہے۔‘ انھوں نے بتایا کہ کچھ مسافر تو اپنے آپ پر قابو نہ رکھ سکے اور رونے لگے۔
اس سارے واقع کے بعد تاحال سعودی حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
Source