Top Rated Posts ....

Hindu teacher Nautan Lal acquitted in blasphemy case after five years

Posted By: Azam, March 01, 2024 | 17:26:28


Hindu teacher Nautan Lal acquitted in blasphemy case after five years



’پولیس کو معلوم ہی نہیں کہ گستاخانہ الفاظ کیا تھے‘ عدالت نے ہندو پروفیسر کو توہین مذہب کے الزام سے بری کر دیا

سندھ ہائیکورٹ کے سکھر بینچ نے ایک ہندو پروفیسر کو توہین مذہب کے الزام سے بری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں اس معاملے میں پولیس تفتیش کے دوران کوتاہیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی بھی کی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہندو پروفیسر کبھی بھی کسی بھی سماج مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہے اور نہ ہی ان کے خلاف مذہبی منافرت کو بھڑکانے یا کسی کے خلاف کوئی نازیبا الفاظ کہنے کا ثبوت ملتا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ ہندو پروفیسر پر سنہ 2019 میں توہین مذہب کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس کے بعد دو سال قبل ایک مقامی عدالت نے ان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

ہندو پروفیسر کا خاندان اس واقعے کے بعد سے دربدری کی زندگی گزار رہا تھا۔ پروفیسر کی بیٹی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں عدالتی فیصلے سے کچھ ریلیف تو ملا ہے لیکن ابھی تک صورتحال غیر واضح ہے کیونکہ رہائی نہیں ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ ’میرے والد کی 30 سال سرکاری ملازمت تھی۔ ہمارے خاندان پر کبھی کوئی مقدمہ نہیں رہا۔ ہم تین بہنیں، ایک بھائی اور والدہ ہیں۔ ہم سنہ 2019 سے دربدر ہو رہے ہیں۔ میرے 60 سالہ والد کو پانچ سال قید میں رکھا گیا اور ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ والد کی تنخواہ بند ہے اور آمدن کا اور کوئی ذریعہ نہیں۔‘

’پولیس کو معلوم ہی نہیں کہ گستاخانہ الفاظ کیا تھے‘

سندھ ہائیکورٹ نے اپنی تحریری فیصلے میں لکھا ہے کہ پولیس نے عجلت میں تحقیقات کی ہیں اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف ایک دن میں پوری تفتیش سمیٹ دی گئی، جس میں 15 گواہوں کی جانچ کرنا، ان کے بیان ریکارڈ کرنا، جائے وقوعہ کا دورہ وغیرہ کرنا شامل تھا۔

فیصلے کے مطابق پولیس نے 15 گواہوں پر جرح کی جس میں صرف پانچ گواہوں نے اپیل کنندہ کے خلاف الزامات کی حمایت کی، ان کے بیانات زیادہ تر ایک دوسرے کی بالکل نقل نظر آتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے بیان فطری انداز میں نہیں بلکہ پہلے سے طے شدہ ذہن کے ساتھ دیے گئے۔

ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ الزام کی سنگینی اور حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کی یہ ذمہ داری تھی کہ وہ اس کی تحقیقات کے لیے مزید وقت اور محنت کرتے لیکن یہ پولیس افسر کی ذمہ داری سے کنارہ کشی کی اعلیٰ مثال ہے۔

ہائی کورٹ نے ایف آئی آر کے اندراج پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو یہ معلوم ہی نہیں تھا اور نہ ہی ایف آئی آر میں اس کا ذکر ملتا ہے کہ گستاخانہ الفاظ کیا تھے لہذا پولیس کا یہ عمل سنگین غفلت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ایسے معاملات میں ایف آئی آر درج کرنے سے پہلے حقائق کو اچھی طرح ذہن میں رکھیں کیونکہ یہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ ایسی ہر کوشش کو ناکام بنائے جس سے کوئی شخص معاشرے میں بدامنی یا انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔

پروفیسر پر توہین مذہب کا الزام کیسے لگا؟

پولیس کے مطابق توہین مذہب کے الزام کا یہ معاملہ سنہ 2019 میں اس وقت شروع ہوا، جب ہندو پروفیسر (اس سکول کے مالک) کلاس میں اُردو کا مضمون پڑھا رہے تھے۔

کلاس ختم ہونے کے بعد اُن کے ایک شاگرد اسلامیات کے ٹیچر کے پاس گئے اور پروفیسر پر پیغمبر اسلام کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کا الزام لگایا۔

اساتذہ نے اس معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی اور ہند پروفیسر نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نیت کسی کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی نہیں تھی۔

لیکن مذکورہ طالبعلم نے اس واقعے کا ذکر اپنے والد سے کیا اور فیس بک پر بھی پوسٹ کر دیا جس کے بعد لوگوں میں اشتعال پھیل گیا۔

واقعے کے بعد مقامی بازار میں ہڑتال بھی کی گئی جس کے دوران ایک گروہ نے سکول عمارت پر حملہ کر دیا اور وہاں توڑ پھوڑ کی۔

اس کے علاوہ ایک اور گروہ نے ہندو پروفیسر کی رہائش گاہ پر بھی حملہ کیا اور مندر پر بھی حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی گئی۔

اس واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کر لیا تھا۔


Source: BBC Urdu




Follow Us on Social Media

Join Whatsapp Channel Follow Us on Twitter Follow Us on Instagram Follow Us on Facebook


Advertisement





Popular Posts

Comments...