عمران خان نےانسانوں کے بجائے جانوروں کیلئے کانفرنس میں شرکت کوترجیح دی، خورشید شاہ
Posted By: Mumtaz Ahmad FSD, August 11, 2013 | 06:07:16
سکھر: قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان میں کروڑوں عوام کی زندگیوں کو بچانے کے لئے منعقد آل پارٹیز کانفرنس پر جانوروں کو بچانے کے لئے کانفرنس میں شرکت کو ترجیح دی۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے مسلمان کہلانے کے حقدار نہیں، ملک میں دہشتگردی کی کارروائیاں افسوسناک ہے جبکہ حکومت کا زور صرف ٹیکس اور قیمتیں بڑھانے پر ہے دہشتگردی کے خلاف حکومت کہیں بھی نظر نہیں آرہی۔ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں حکومتی خاموشی پر بھر پور احتجاج کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے عوام سے اپیل کرتے ہیں اپنی حفاظت وہ خود کریں اب کوئی حکومت ان کی حفاظت کو نہیں آئے گی۔ کراچی سے خیبر تک عوام کو خود دہشتگردوں کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ انسداد دہشت گردی پر آل پارٹیز کانفرنس عمران خان کی وجہ سے ملتوی ہوئی، انہوں نے پاکستان میں کروڑوں عوام کی زندگیوں کو بچانے کے لئے منعقد کانفرنس پر جانوروں کو بچانے کے لئے کانفرنس میں شرکت کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ساتھ بیک وقت رابطے رکھنا متحدہ قومی موومنٹ کو نقصان پہنچائے گا، یہ سیاست ہے کوئی اللہ دتہ کا چھابہ نہیں کہ ہر ایک کو ریوڑیاں بانٹی جائے۔