اسلام آباد…وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر محب وطن پاکستانی کی تھی، اگر یہی جذبہ رہا تو یہ ایوان طاقت کا مرکز ہو گا اورکوئی طاقت اس ایوان کی تضحیک نہیں کر سکے گی ۔قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ عمران خان کو دیکھ کر خوشی ہوئی،چیف الیکشن کمشنر کے لیے فخر الدین جی ابراہیم کا نام تحریک انصاف نے ہی سب سے پہلے ان کے ذہن میں ڈالا، چودھری نثار نے کہاکہ بجٹ اجلاس کے بعد میاں نوازشریف تمام پارٹی سربراہوں کو دو نکاتی ایجنڈے پر مشاورت کی دعوت دیں گے ، ایک نکتہ پاکستان کی خود مختاری اور آزادی کا ہو گا، قوم کو متحد ہو کر پیغام دینا ہے کہ یہ نہ توبنانا ری پبلک ہے نہ ہی مشرف کا پاکستان، چودھری نثار کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کے سربراہوں کے اجلاس میں فوجی اداروں کے سربراہ بھی شریک ہوں گے اور مشاورت کے ساتھ پیپر ورک تیار کیا جائیگا۔۔انہوں نے کہا ملک کی حالیہ صورت حال پر کل آرمی چیف سے مشاورت ہوئی ہے۔