We have not received any order to arrest Imran Khan - Islamabad Police
عمران خان کی گرفتاری کے لیے نہ تو پولیس بنی گالہ گئی ہے اور نہ ابھی ایسا کوئی حکم ملا ہے: پولیس
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں اتوار کو مقدمہ درج کیا گیا تاہم متعلقہ تھانے کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے لیے نہ تو پولیس ان کی رہائش گاہ گئی ہے نہ ہی اس کا کوئی حکمنامہ ملا ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمہ سیون اے ٹی اے کے تحت تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا ہے اور یہ ناقابلِ ضمانت ہے۔
تھانے کے ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کی نامہ نگار حمیرا کنول کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ `عمران خان کی گرفتاری کے لیے نہ تو پولیس فورس بنی گالہ گئی ہے اور نہ ہی ہمیں ابھی ایسا کوئی حکم ملا ہے اگر حکم ملا تو اس پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ بنی گالہ میں معمول کی سکیورٹی کے لیے نفری پہلے سے ہی موجود ہے اور جو خبریں چلائی جا رہی ہیں وہ میڈیا کی اپنی اڑائی ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان خبروں کو سن کر ہی بہت سے پی ٹی آئی کارکنان بنی گالہ پہنچ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے کارکنان کو بنی گالہ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس وقت چند کارکنان بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کی جانب جانے والے راستے پر بنی پولیس کی چوکی کے گرد موجود ہیں۔
پولیس کی جانب سے قائم اس چوکی پر سکیورٹی پہلے ہی سخت تھی اور غیر متعلقہ افراد کو یہ گزرگاہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ عمران خان کی سکیورٹی واپس نہیں لی گئی تھی تاہم پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ ان کی سکیورٹی واپس لے لی گئی تھی۔
Source: BBC Urdu